You can see Lantrani in best appearance in Chrome and Mozilla(not in internet explorer)

Monday, February 13, 2017

بین الاقوامی مادری زبان دن

*بین الاقوامی مادری زبان دن اور ”عروس اللسان اردو“*
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہرسال ۲۱؍ فروی کا دن” بین الاقوامی مادری زبان دن “کے طورمنایا جاتا ہے۔ ہم امسال اسے ” عروس اللسان اردو کےابلاغ، فروغ اوربقا “ کے عنوان سے منسوب کرتے ہیں۔ اس موضوع پراردو آبادی میں ماحول سازی کے نقطہٗ نظر سے درج ذیل مضمون تیار کیا ۔۔

*بین الاقوامی مادری زبان دن اور ”عروس اللسان اردو“*
..................................      
زندگی میں مادری زبان کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر ہر سال۲۱؍ فروری کا دن اقوام متحد ہ کے ادارہ یونیسکوکے زیر اہتمام” بین الاقوامی مادری زبان دن“ کے طور پرمنایا جاتا ہے۔ اس دن دنیا بھر میں مادری زبان کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔آئیے امسال ۲۱؍ فروری ۲۰۱۷ء کو منعقد کیے جانے والے ”بین الاقوامی مادری زبان دن“ کو” عروس اللسان اردو“ کے حق میں یادگار بنادیں۔ اس سلسلے میں ہم چند تجاویز پیش کررہے ہیں۔
*۱) عملِ تعلیم میں مادری زبان کی اہمیت و افادیت سے متعلق عام بیداری* : دنیا بھر کے ماہرینِ تعلیم ابتدائی تعلیم کے حصول کے لیے بچوں کے مادری زبان کے اسکول میں داخلے پر زور دیتے ہیں۔ ۲۱؍ فروری کو اسکولوں ، کالجوں اور دیگر اداروں میں ”مادری زبان میں ابتدائی تعلیم کے حصول کے فوائد“ سے متعلق عام بیداری پیدا کرنے کے لیے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیجیے۔
*۲) اردو زبان اور روزگار* : دنیا کی کوئی بھی زبان روزی روٹی کے حصول کے ذریعے کے طور پر نہیں تشکیل دی گئی ہے۔ دنیا کی تمام زبانیں باہمی رابطے کےلیے وجود میں آئی ہیں۔ پروپیگنڈہ کے اس زمانے میں زبان اور روزی روٹی کا تعلق پیدا کرکے مخصوص زبانوں کو بڑھوا دیا جارہا ہے اور ہم سب صارفیت کے اس مکروہ جال میں پھنستے جارہے ہیں۔ ہمیں ماحول سازی کرنا ہے کہ اردو زبان میں ہر کلاس، ہر کورس، ہر پیشے سے متعلق معیاری کتابیں لکھی جائیں اورمعیاری کتابوں کے ترجمے کئے جائیں تاکہ کسی بھی کورس یا پیشے کی تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مندطلبہ کی مکمل رہنمائی ہوسکے۔
*۳) اردو زبان کا اگلا قاری تیار کیجیے* : اسکولوں میں پروگرام کیے جائیں اوراسکول لائبریری کا بھرپور استعمال کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا جائے۔بچوں کو مطالعہ کی طرف راغب اور کتابوں کو خریدنے کی ترغیب دینے والی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے۔
*۴) انگریزی اور دیگر زبانوں پر عبور دلانے کی سرگرمیوں کو بڑھاوا دینا* : حقیقی عمل تو یہی ہونا چاہیے کہ ہم اپنے بچوں کو مادری زبان کے توسط سے تمام زبانیں اور علوم سکھائیں۔مادری زبان کے علاؤہ کسی اور زبان کے اسکول میں اپنی اولاد کو داخل کرتے ہوئے ان کے لیے ایک بہتر مستقبل کی تلاش کرنا بچوں کے حال کو قتل کرنے کے مترادف ہے۔ اور یہ کسی صورت میں عقلمندی تو نہیں ہے۔
*۵) ادب ِاطفال کا فروغ* : ادبِ اطفال کو فروغ دینے والی سرگرمیوں کی طرف خاص طور پر اساتذہ کو راغب کیا جائے۔ بچوں کے لیے کتابیں تحریر کرتے وقت رموزواوقاف، ذخیرۂ الفاظ، املا اور ہجا کے مسائل پر بھی مستقل طور پردھیان دیا جائے تو بچے معیاری زبان ، معیاری تلفظ و لب و لہجہ سے روشناس ہوسکتے ہیں۔
*۶) اسکولوں میں اردو زبان کے فروغ سے متعلق پروگراموں کا انعقاد* : ۲۱ فروری کے دن اسکولوں سرپرستوں کے لیے پروگرام کیا جائے۔ پروگرام میں اردو زبان کی مختصر تاریخ ، اردو کی شیرینی واثرپذیری اور ایسے ہی دیگر عنوانات پر تقاریر، بحث و مباحثہ اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے۔
*۷) ادبی و تعلیمی پروگراموں کا انعقاد* : اپنے علاقوں میں ادبی نشستوں اور مشاعروں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ مذاکرہ اور سیمینار وغیرہ بھی منعقد کیجیے جن میں اردو زبان کا موجودہ منظرنامہ ، اردو زبان کا مستقبل ، اردو زبان کی تدریس کے مسائل ،اردو زبان کی ترقی و بقا کے لیے اقدامات اور مادری زبان(اردو) کے اسکولوں میں ابتدائی اور ثانوی تعلیم حاصل کرنے کے فوائد جیسے عنوانات پرعام بات چیت اور بحث و مباحثہ ہو۔
*۸) اخبارات میں مضامین اور مراسلوں کی اشاعت* : اسکالرس ، اساتذہ ،مراسلہ نگاران اور دیگر ماہرین ِ فن سے درخواست ہے کہ وہ ” بین الاقوامی مادری زبان دن “ کے مدنظرایسے عنوانات پر مقالے اور مضامین لکھیں اور شائع کروائیں جن سے اردو زبان سے متعلق تمام غلط فہمیاں دور ہوسکیں اور عوام کی ذہن سازی ہو۔
*۹) سوشل میڈیا پر اردو زبان کا استعمال* : ۲۱؍ فروری ۲۰۱۷ء کے دن اور اس کے بعد بھی ہم سوشل میڈیا پر زیادہ سے زیادہ اردو زبان میں تحریر کریں۔اس طرح موبائل کمپنیاں بھی اردو کی مقبولیت سے آگاہ ہوں گی ۔استعمال بڑھے گا توکمپنیاں ہمیں موبائل پر اردو زبان کی زیادہ سے زیادہ سہولیات دی سکتی ہیں.
*۱۰) خطوط نویسی کو فروغ* : موجودہ وقت میں خطوط نویسی اور عریضہ نویسی وغیرہ کی عادت ختم ہوتی جارہی ہے. ۲۱  فروری کے دن طلبہ سے کہا جائے کہ وہ اپنے کسی عزیز یا رشتہ دار کو خط لکھیں اور پوسٹ کارڈ پر اردو زبان میں پتہ لکھ کر اسے پوسٹ کردیں۔

ہم سب کی تھوڑی سی کوشش اور محنت ہماری محبوب زبان کو ایک نئی امنگ اور نئی طاقت عطا کرسکتی ہے۔ ہم نے اپنے ذہن میں موجود تجاویز کو پیش کیا ہے۔ان تجاویز کو عملی جامہ پہنائیے۔ہمیں یقین کامل ہے کہ آپ اپنے تجربات کی روشنی میں ان سے بہتر تجویز پیش کرسکتے ہیں اور ان پر عمل بھی کرسکتے ہیں۔آئیے ہم اپنی محبوب زبان *” عروس اللسان اردو“* کے حضور اپنی محبت کا نذرانہ پیش کریں۔

No comments:

Related Posts with Thumbnails
لنترانی ڈاٹ کام اردو میں تعلیمی ،علمی و ادبی ، سماجی اور ثقافتی ویب سائٹ ہے ۔اس میں کسی بھی تنازعہ کی صورت میں قانونی چارہ جوئی پنویل میں ہوگی۔ای ۔میل کے ذریعے ملنے والی پوسٹ ( مواد /تخلیقات ) کے لۓ موڈریٹر یا ایڈیٹر کی کوئی ذمہ داری نہیں ہے ۔ اگر کسی بھی پوسٹ سے کسی کی دل آزاری ہو یا کوئی فحش بات ہوتو موڈریٹر یا ایڈیٹر کو فون سے یا میل کے ذریعے آگاہ کریں ۔24 گھنٹے کے اندر وہ پوسٹ ہٹادی جاۓ گی ۔فون نمبر 9222176287اور ای میل آئ ڈی ہے E-Mail - munawwar.sultana@gmail.com

  © आयुषवेद भड़ास by Lantrani.com 2009

Back to TOP