You can see Lantrani in best appearance in Chrome and Mozilla(not in internet explorer)

Friday, February 11, 2011

فارغینِ مدارس اور ان کامستقبل مولانا عبدالسلام عادل ندوی ناظمِ تعلیمات مدرسہ جامعہ رشیدیہ بنگلور E-mail to Lantrani


دینی مدارس میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کے مستقبل اور ان کے ذریعہ معاش کو موضوع بحث بنا کراہل قلم و دانشوران امت موقع بموقع خامہ فرسائی کرتے رہتے ہیں ۔ ہر قلم کار ایک مضمون لکھتا ہے اور اپنی رائے کا اظہاراس طرح کرتا ہے کہ یہی حتمی اوردائمی حل ہے۔ اوراپنی رائے کو فارغین طلباء پر تھوپنا اپنا موروثی حق سمجھتا ہے۔ چاہے وہ قلم کار مسلم ہوں ،غیرمسلم ہوں، عالم ہوں یا غیر عالم ہوں ، سیاسی اشخاص ہوں یا سماجی لیڈران ہو ں ہر شخض کی نظر فارغین مدرسے پرلگی ہوئی ہیں۔ کیا واقعی یہ امت کا بہت بڑا المیہ ہے ؟ اور اس کی گتھیاں اتنی الجھی ہوئی ہیں کہ سلجھائے سلجھـ نہیں رہی؟ اور اس بھول بھلیاں میں طلباء بھی غلطاں و پیچاں ہیں ا ور فراغت کے بعد اس شش و پنج میں مبتلا ہوتے ہیں کہ میں فارغ ہو کر کیاکروں گا۔اور عملی زندگی کا سفر کہاں سے اور اکس اسٹیشن سے شروع کروں گا؟

آج ہر قلم کارجو اس موضو ع پر قلم اٹھاتا ہے اس کی اولین رائے یہی ہوتی ہے کہ طلباء کو دینی علوم کے ساتھ عصری علوم سے مثلاً انگریزی زبان، کمپیوٹر، اوردیگر صنعت و حرفت سے آراستہ کیا جا ئے تاکہ عملی زندگی میں وہ بےکارمحض نہ رہے اور اسی فکر کے مدنظر ہندوستان کے مدارس میں طلباء کو مذکورہ صفات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

ذمہ دارانِ مدارس کا یہ قدم نہایت غلط ا ور گمراہ کن ہے۔ یہ ایک چوردروازہ ہے جس کو شیطان نے امت کے اندر سے دینی علوم کو یکسر ختم کرنے کے غرض سے کھولا ہے ۔ اور تجربہ بھی یہی کہتی ہے۔ بھلا یہ کیسے ممکن ہو سکتاہے کہ ایک شخص مولوی بھی بنے اور ڈاکٹر بھی بنے اور ایک ڈگری کالج کے طالب علم کو جہاں جراحی کا درس دیا جائے وہیں اس کوحدیث وقرآن کی الجھی ہوئی گتھیاں سلجھانے کے راز بھی بتلائے جائیں۔ اور اگر مقصد یہ ہے کہ چند طلباء دینی میدان کو چھوڑکر اور صرف اپنی زندگی میں عمل کو باقی رکھتے ہوئے دنیوی کام کریں گے۔ تو سوال یہ ہے کہ ہمارے پاس کیا اتنے طلباء ہو چکے ہیں جو علوم نبوت کے اتنے بڑے سرمائے کا علمبردار ہوں ۔

سوال یہ ہے کہ علوم اسلامیہ کے اتنے بڑے ذخیرہ کا وارث کون ہوگا؟ آنے والے دور میں جو نئے مسائل ابھر کر سامنے آئیں گے اس کے سامنے کون سینہ سپر ہوگا؟ حدیث کا اتنا بڑا ذخیرہ مع شروحات ،قرآن کریم کا ترجمہ ، مطالب اوراس کی تفسیر ،ادب عربی کا اتنا قیمتی سرمایہ ،فقہ کا اتنا بڑذخیرہ مختصراً علوم دینیہ آخر کس کے سینے میں محفوظ رہے گی۔کیاان طلباء کے سینوں میں جو علوم دینیہ کے حصول کے بعد کسی انگریزی اور کمپیوٹر کے ڈپارٹمنٹ میں کام کر رہے ہوں گے؟

سوال یہ ہے کہ صرف دو فیصد مسلم نوجوا ن مدارس کا رخ کرتے ہیں اور ان میں سے اکثریت ان کی ہوتی ہے جو گھر میں کسی کے کام کے نہیں ہوتے اور اپنے بھائیوں میں کند ذہن ہوتے ہیں ان کو مدارس کا راستہ دکھا دیا جا تا ہے کہ چلو یہ مدرسے میں ہی جا کر وقت گزارلے گا اور کچھ سیکھ بھی لے گا (یہ بات ہر ذمہ دار پر مطابق نہیں آتی )اور 98 فیصد مسلم نوجوان اسکولوں میں عصری علوم حاصل کرتے ہیں جن کو دینی علوم سے کوئی واسطہ نہیں ہے ۔ اور ان دو فیصد مسلم نوجوانوں میں سے بھی جو مدارس میں ہیں اکثریت ان کی ہے جو صرف ضیاع وقت کرتے ہیں اور تعلیم کی مدت پوری کرتے ہیں۔ وہ نہ کبھی اپنے مستقبل کے بارے میں سوچتے ہیں اورنہ اس موضوع پر بحث کرنا پسند کرتے ہیں ۔ اور ان میں سے مشکل سے دو فیصد طلباء ایسے ہوں گے جن کا کوئی خاص مقصد اور کوئی مستقبل ہوگا۔

ایسی حالت میں اگران طلباء کو جن کی گنتی انگلیوں میں ہو سکتی ہے علوم عصریہ کی تعلیم دی جائے تومدرسہ کااصل مقصد ہی فوت ہوجائے گا اور مدرسہ کی روح ہی نکل جائے گی۔ اب اگر کوئی یہ کہے کہ یہ کورسیس ان طلباء کے لئے ہے جن کو مولوی بن کر رہنا پسند نہیں اور دینی علوم کی ترویج و اشاعت ان کو پسند نہیں تو جواب ہے کہ پھر اس نے مدرسے میں داخلہ ہی کیوں لیا اور عوام کی دی ہوئی رقم کا ضیاع کیوں کیا۔کیا اس کام کے لئے یہ ترکیب نہیں ہوسکتی کہ کالجوں میں جو مسلم طلباء پڑھتے ہیں ان کو ایک پروفیشنل کورس کرایاجائے اور ان کے لئے یہ ضروری کیا جائے کہ فراغت کے بعد یا دوران تعلیم ہی اس پروفیشنل کورس کو پڑھے اور ا س کے امتحانات میں پابندی کے ساتھ حاضر ہوں۔ جیسا کہ ہندوستان میں بعض جگہوں میں اس کا چلن ہے اور مسلم والدین کسی نہ کسی طرح اپنے بچوں کو ابتدائی تعلیم سے آرا ستہ کرتے ہیں۔ اور ان کو مسجد یا مدرسہ میں پڑھا کر اس بوجھـ سے سبکدوش ہو جاتے ہیں کہ میرا بچہ تو ماشاء اللہ قرآن پڑھ لیتاہے اور میری بیٹی بہشتی زیور پڑھ لیتی ہے۔ ان ہی مکتبوں کے تعلیمی نظام میں ترمیم کرکے اور اسکے لئے ایک عمدہ کورس تیار کر کے بھی عصری علوم حاصل کرنے والے مسلم نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات سے بہرہ ور کیا جا سکتا ہے اور ان کا ذہن اسلامی بنایا جا سکتاہے۔ اور بھی دوسرے اقدام علماء اس راستہ میں اٹھا سکتے ہیں۔ مگر دینی مدرسے میں داخلہ کا شرطِ اول ہی یہی ہونی چاہئے کہ وہ دین کا داعی و معلم قرآن بن کر پیدا ہوں نہ کہ معلم شیطان بن کرپیدا ہوں۔ مدارس کا تعلیمی نظام اتنا ٹھوس اور اتنا پختہ ہو نا چاہئے کہ طلباء اپنا اوڑھنا بچھونا اسی کوبنالیں اوروہی ان کی زندگی کا نصب العین ہوجائے۔ ان کی تربیت ایسی مدبرانہ اور مفکرانہ انداز میں ہونی چاہئے کہ وہ مادیت سے نہ گھبرائیں اور اخروی زندگی کے عیش و آرام دنیوی زندگی کے سامنے بھدہ اور ناکارہ لگے۔ ان کی ذہنیت کی پرورش اتنی چالاکی اور ہوشیاری سےکی جائے کہ وہ بس اتنا جانیں کہ ان کے پیدا ہونے کا ایک ہی مقصد ہے اور وہ ہے دینی علوم کو سیکھنا اور اس کی ترویج و اشاعت کرنا۔ اور بار بار ان کو اس بات کا احساس دلایا جا تا رہے۔ جس طرح عیسائیوں میں جو عورتیں سسٹر بنتی ہیں یا جو مرد فادر بنتے ہیں ان کو اس بات سے کوئی واسطہ نہیں ہوتا کہ باہر کی دنیا میں کیسی کیسی ایجادات ہو رہی ہیں اور ٹکنالوجی کا عروج کہا ں تک ہو چکا ہے۔ فکر یہی ہونی چاہئے کہ طلباء خالص مولوی و مفکر اسلام بن کر پیداہوں اور قرآن و حدیث ان کو ازبر ہو اس کے لئے چاہے دس سال سے پندرہ سال لگیں ۔

افسوس کی بات یہ ہے کہ آج اہل مدارس ایک دوسرے پر عمارتوں کی بلندی اور اس کی تعداد پر فخرکرتے ہیں جو بالکل حرام اور ناجائز ہے اگر فخر ہی کرنا ہے تو ایک مدرسہ دوسرے مدرسہ کے بچوں کو قرآنی تفسیرات پراحادیث کی یادداشت پر، عربی زبان دانی ، اردو وعربی تعبیرات وانشاء پردازی پر فخر کرے ، غزالی و ابن تیمیہ جیسی شخصیت پیدا کرنے پر فخر کرے۔

کوئی بھی اس بات کا انکار نہیں کر سکتا کہ مدارس کے طلباء یک قلم انگریزی زبان، حساب وکتاب، اور دیگر عصری علوم سے ناواقف اور بے بہرہ ہوں بلکہ ان کو اس حد تک ان علوم کی تعلیم دی جائے کہ وہ اس سے فائدہ تو اٹھا سکیں لیکن اس کو ذریعہ معاش نہ بنا سکیں۔ کیوں کہ اگر ان کو انہیں علوم کو ذریعہ معاش بنانا تھا توپھر مدارس میں داخلہ کی ضرورت ہی کیا تھی ۔ قوم مدارس کی امداد اس لئے نہیں کرتی کہ اس کے اندر کوئی ڈاکٹر اور کوئی انجینیر پیدا ہوگا بلکہ اس لئے کرتی ہے کہ کوئی عالم ، حافظ و قاری ، مفکر و مدبر پیدا ہوکر دین کی خدمت کرے گا اور ان کو بھی اس کا ثواب ملیگا۔ اگر ان کو اس بات کا احساس ہوجائے کہ یہاں دینی علوم سے واسطہ رکھنے والے کم اور دنیوی علوم میں دماغ لگانے والے زیادہ تیار ہوتے ہیں تو بلا شبہ وہ اپنی امداد روک لیں ۔

Mohd. Inamul Haque Qasmi
Al-Subeaei United Trading Co. Ltd.
P.O. Box 1617, Riyadh-11441, K.S.A.
Tel: +966-1-4021055-4029980
Fax: +966-1- 4026478
Mob. +966 559 064 904

No comments:

Related Posts with Thumbnails
لنترانی ڈاٹ کام اردو میں تعلیمی ،علمی و ادبی ، سماجی اور ثقافتی ویب سائٹ ہے ۔اس میں کسی بھی تنازعہ کی صورت میں قانونی چارہ جوئی پنویل میں ہوگی۔ای ۔میل کے ذریعے ملنے والی پوسٹ ( مواد /تخلیقات ) کے لۓ موڈریٹر یا ایڈیٹر کی کوئی ذمہ داری نہیں ہے ۔ اگر کسی بھی پوسٹ سے کسی کی دل آزاری ہو یا کوئی فحش بات ہوتو موڈریٹر یا ایڈیٹر کو فون سے یا میل کے ذریعے آگاہ کریں ۔24 گھنٹے کے اندر وہ پوسٹ ہٹادی جاۓ گی ۔فون نمبر 9222176287اور ای میل آئ ڈی ہے E-Mail - munawwar.sultana@gmail.com

  © आयुषवेद भड़ास by Lantrani.com 2009

Back to TOP