You can see Lantrani in best appearance in Chrome and Mozilla(not in internet explorer)

Wednesday, February 15, 2012






’’بزم حافظ ‘‘ کے تحت بچوں کا ادبی مظاہرہ



کل بروز پیر، بتاریخ ۱۳؍فروری ۲۰۱۲ء ؁ کو زبیدہ ہائی اسکول شکاری پور میں ’’بزم حافظ‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ اس بزم میں زبیدہ پرائمری اسکول سے لے کر زبیدہ ڈگری کالج تک کی طالبات نے حصہ لیا اور رنگارنگ ادبی پروگرام پیش کیا یہ جلسہ اس اعتبار سے کافی اہمیت کا حامل تھا کہ اس جلسے کی مسند صدارت کو کرناٹک اردو اکیڈمی کے چےئرمین جناب حافظ کرناٹکی نے زینت بخشی۔ جب کہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے ریاست کے بزرگ شعرا جناب ساغر کرناٹکی اور جناب شاد باگل کوٹی نے شرکت فرمائی۔ اس جلسے کی ایک خصوصیت یہ بھی تھی کہ اس میں مہمانان اعزازی کی حیثیت سے جناب ایس مرزا عظمت اللہ صاحب رجسٹرار کرناٹک اردو اکیڈمی، محترمہ منور سلطانہ ایم ڈی ’’لن ترانی‘‘ میڈیا ہاؤس اور ڈاکٹر روپیش شری واستو مینجنگ ڈائریکٹر لن ترانی میڈیا ہاؤس بمبئی نے بھی شرکت فرمائی۔ جلسے کا افتتاح حافظ کرناٹکی نے بچوں کے ساتھ پودوں کی سیرابی سے کیا۔ اس رنگارنگ جلسے میں زبیدہ کیمپس کی ان طالبات کو بھی اعزاز سے نوازا گیا جنہوں نے اپنے تعلیمی سال میں نمایاں کارکردگی اور بہتر رکھ رکھاؤکامظاہرہ کیا۔ بہترین طالب علم ایوارڈ کے حصول کنندہ طالبات کے نام اس طرح ہیں۔ نشاط پروین ساتویں جماعت حفصہ بانو (ششم جماعت) سندھو (تیسری جماعت) داول بی (نویں جماعت)نور اسماء (دسویں جماعت) محبوب بی (سکنڈ پی یوسی) روشنات پروین (سکنڈ ڈی ایڈ) سمیہ بانو (سوم بی اے) ان طالبات کے ساتھ زبیدہ کیمپس کے اسکول و کالج کے پرنسپل حضرات کو بھی اعزازات سے نوازا گیا اور زبیدہ للبنات کی نگراں کو بھی اس اعزاز میں شامل کیا گیا۔ ان کے نام اس طرح ہیں۔ جناب سمیع اللہ اے۔ جے میر معلم زبیدہ پرائمری اسکول، محترمہ شیلجا بی۔ کے۔ میرمعلمہ اسامہ ہائی اسکول، جناب تپیش صاحب پرنسپل زبیدہ پی، یو،سی جناب وینکٹیش پرنسپل زبیدہ گرلس ڈی ایڈ کالج، سیدہ ریحانہ بانو پرنسپل زبیدہ گرلس ڈگری کالج، محترمہ صبیحہ پروین نگراں زبیدہ للبنات، محترمہ پروین صاحبہ نگراں زبیدہ للبنات۔


یہ طریقہ کار اس لیے قابل ستائش ہے کہ اس طرح کسی بھی ادارہ میں کام کرنے والے لوگوں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔ اور آپسی تعاون کا جذبہ بڑھتا ہے۔ چوں کہ یہ ’’بزم حافظ‘‘ کا ادبی اور اعزازی پروگرام تھا اور ادارہ کے پرنسپل اور نگراں کے ساتھ ساتھ طالبات کی بھی عزت افزائی کرنی تھی اور بچوں کے ادبی جلسے کی اہمیت کا بھی احساس دلانا تھا اس لیے زیبِ داستان کے لیے محترم مرزا عظمت اللہ صاحب (رجسٹرار کرناٹک اردو اکیڈمی) کو بھی اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔ مرزا عظمت اللہ صاحب اردو کے ایسے شیدائی ہیں جنہوں نے کرناٹک اردو اکیڈمی کو ہر طرح کی آزمائشی صورتحال سے باہر نکالنے میں نہایت عمدہ کار کردگی کا مظاہرہ کیا اور جناب حافظ کرناٹکی صاحب (چےئرمین کرناٹک اردو اکیڈمی) کا بھرپور تعاون کیا۔ اس لیے بچوں نے بڑی گرم جوشی سے ان کا اعزاز کیا۔


محترمہ منور سلطانہ صاحبہ یوں تو ایک معلمہ ہیں لیکن اردو کی محبت میں ’’لن ترانی میڈیا ہاؤس قائم کر کے کی اردو کے فروغ کی راہیں ہموار کیں۔ اور حافظ کرناٹکی کا خصوصی ویب سائٹ بنا کر ان کے کا موں سے دنیا کو واقف کرایا۔ اس لیے بچوں نے اپنی خوشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کا پرجوش اعزاز کیا۔ یاد رہے کہ منور سلطانہ صاحبہ لن ترانی میڈیا ہاؤس کی ایم ڈی بھی ہیں۔ ڈاکٹر روپیش شری واستو لن ترانی میڈیا ہاؤس ممبئی کے مینجنگ ڈائریکٹر ہیں ان کی شخصیت اتنی تہہ دار اور ثروت مند ہے۔ کہ ان کی تھاہ کا اندازہ لگانا ہر کس و ناکس کے بس کی بات نہیں ہے۔ انہیں اپنی تہذیب اور اپنی زبان سے بے اندازہ محبت ہے، انہوں اردو کی ترقی و ترویج میں کافی کچھ حصہ لیا ہے اس بزم حافظ میں ان کی اردو خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے بڑی محبت سے ان کا اعزاز کیا گیا۔


پروگرام کا باضابطہ آغاز قرات کلام پاک سے ہوا، بعدازاں طالبات نے حمد، نعت، غزل اور مکالمے وغیرہ پیش کیے، طالبات کے ترنم اور پیش کش کے انداز نے حاضرین محفل کو کافی محظوظ کیا۔ بچوں کے پروگرام کے بعد مہمانان گرامی نے اپنے اپنے تاثرات پیش کیے۔ حافظ کرناٹکی صاحب نے اپنے خطبہ صدارت میں فرمایا کہ:


’’بزم حافظ‘‘ کا یہ پروگرام بھلے سے اس بار ایک محدود دائرے میں رہ کر منایا گیا لیکن آئندہ انشاء اللہ بزم حافظ کا پروگرام بڑے پیمانے پر کیا جائے گا۔ اور آہستہ آہستہ پوری اردو دنیا کو اس سے جوڑنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس بات کا بھی خیال رکھا جائے گا کہ بزم حافظ کا سالانہ جلسہ ملک کے مختلف علاقوں میں کیا جائے جس سے قومی سطح پر اس بزم کافائدہ محسوس کیا جاسکے۔






































No comments:

Related Posts with Thumbnails
لنترانی ڈاٹ کام اردو میں تعلیمی ،علمی و ادبی ، سماجی اور ثقافتی ویب سائٹ ہے ۔اس میں کسی بھی تنازعہ کی صورت میں قانونی چارہ جوئی پنویل میں ہوگی۔ای ۔میل کے ذریعے ملنے والی پوسٹ ( مواد /تخلیقات ) کے لۓ موڈریٹر یا ایڈیٹر کی کوئی ذمہ داری نہیں ہے ۔ اگر کسی بھی پوسٹ سے کسی کی دل آزاری ہو یا کوئی فحش بات ہوتو موڈریٹر یا ایڈیٹر کو فون سے یا میل کے ذریعے آگاہ کریں ۔24 گھنٹے کے اندر وہ پوسٹ ہٹادی جاۓ گی ۔فون نمبر 9222176287اور ای میل آئ ڈی ہے E-Mail - munawwar.sultana@gmail.com

  © आयुषवेद भड़ास by Lantrani.com 2009

Back to TOP