You can see Lantrani in best appearance in Chrome and Mozilla(not in internet explorer)

Friday, February 24, 2012

ہم ٹیکنالوجی سے آراستہ اساتذہ



کاوش اور رہنمائی ڈاٹ کام کے زیر اہتمام اساتذہ کا خصوصی ورک شاپ
بروز پیر 20فروری کاوش و رہنمائی ڈاٹ کام کے زیرِ اہتمام اردو اسکول کے اساتذہ کو جدید تیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لئے ایک خصوصی ورکشاپ کا انعقاد محمدیہ ہائی اسکول بھنڈی بازار ممبئی میں کیا گیا ۔ ورکشاپ کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا ۔افتتاحی کلمات میں جناب عامر انصاری نے پروگرام کی غرض غایت پیش کرتے ہوئے یہ بتایا کہ دورِ جدید میں تعلیم کے میدان میں اساتذہ کو طلبہ کی ذہانت کے معیار کے لحاظ سے اپنے آپ کو اور اپنی اسکولس کو جدید ٹیکنالوجی آراستہ کرنا ہوگا ۔آپ نے اس بات پر خوشی کا اظہارکیا کہ اب ممبئی کی بہت سی اردو اسکولس میں ای لرننگ ، ایل سی ڈی پروجیکٹر اور کمپیوٹر کے ذریعے درس و تدریس کا اہتمام شروع ہو چکا ہے۔لہٰذا ہم اساتذہ اردو زبان میں نصاب کے مطابق مختلف مضامین کے اسباق کو جدید سمعی و بصری وسائل Audi visual Aid کے ذریعے تیار کرلیا جائے تو اردو اسکولوں میں تعلیمی معیار کو بلند کیا جا سکتا ہے۔
اساتذہ کے لئے منعقد اس ورکشاپ میں جناب علی ایم شمسی صاحب نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی اور منتظمین اور اساتذہ کی کوششوں کو سراہا۔جناب غیاث الدین صاحب پونہ اور جناب انصاری محمود پرویز صاحب نے بھی اپنے خیالات کا اظہا رکیا۔ انجمن خیروالاسلام گروپ آف اسکولس کے جنرل سیکریٹری جناب حنیف لکڑا والا صاحب نے کہا کہ اس قسم کے ورکشاپ کا انعقاد اردو اسکولوں کے معیار کو مزید بلند کرسکتا ہے ۔محمدیہ اسکول کے منتظمین ،محترم اشفاق صاحب اور ڈاکٹر اسلم سپاری والا نے اس ورکشاپ پر خوشی کا اظہا ر کیا اور آئندہ اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کا بھروسادلایا۔
ورکشاپ میں اکولہ سے تشریف لائے شکیل انجنئیر جنہوں نے سب سے پہلے اردو زبان میں جماعت سوم،پنجم اور ہشتم کے سائنس کے نصاب پر مبنی اینی میٹیڈ Audio Visualسی ڈی تیار کی ہے نے اپنے خیالات کا ظہار کرتے ہوئے سب سے پہلے سمعی وبصری وسائل کے زبرست اثرات و فوائد کا تذکرہ نہایت دلچسپ انداز میں کیا۔جماعت ہشتم کی اردو زبان کی نصابی کتاب میں درج مرزا غالب کی مشہور و معروف پہلی غزل ’’ہر ایک بات پر کہتے ہو تم کے تو کیا ہے تم ہی بتاؤ کہ یہ اندازِ گفتگو کیا ہے‘‘ اس غزل کے ویڈیو کے ذریعے ایک مثالی درس کواساتذہ کے سامنے متعارف کرایا جسے تمام شرکاء اساتذہ نے کافی پسند کیا ۔اس کے بعد جغرافیہ مضمون کی تیاری کے لئے آپ نے گوگل ارتھ سافٹ وئیر کا استعمال کرکے امریکہ برطانیہ و دئگر ممالک کی معلومات کے ساتھ ہندوستان کے مشہور شہر ممبئی کے مختلف مقامات کی سیر جغرافیائی نقطہ نظر سے کروائی جس میں خاص طور سے بحرِ عرب ،ورلی سی لنک ،باندرہ اور گیٹ وے آف انڈیا کے نظارے کس طرح کلاس روم میں طلبہ کے سامنے دکھائے جا سکتے ہے کی تفصیلات بیان کی ۔اس کے علاوہ سائنس مضمون کے مختلف تجربات کو ویڈیو اینیمیشن کے ذریعے دکھائے ۔ برقی گھنٹی،اوہم کا قانون ، مقناطیسی برقی رواں ، علمِ کیمیا کے تعاملات،انسانی جسم کے مختلف نظام ،نظامِ انہضام،نظامِ دورانِ خون، عصبی نظام اور عملِ استخراج کے ویڈیو کلپس دکھائے۔تاریخ مضمون کی تیاری کے سلسلے میں عالمی جنگ بالخصوص امریکہ کے پرل ہاربر پر حملہ نیز امریکہ کے ذریعے جاپان کے ہیرو شیما ناگا ساکی کے جوابی حملہ کی تباہی کے منظر کشی اسکرین پر دکھائی ۔
جناب اخلاق احمد صاحب نے اجتماعی ظہرانہ و نمازِ ظہر کے بعد دوسرے سیشن میں کاوش و رہنمائی ڈاٹ کام کی سرگرمیاں بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح گذشتہ دو برسوں میں کاوش کے زیرِ اہتمام بیس ہزار سے زائد طلبہ ،والدین و اساتذہ کی رہنمائی کے مختلف پروگرام کا اہتمام کیا۔ جناب اخلاق احمد صاحب نے اساتذہ کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ یہ تعلیمی ویڈیو کس طرح سے ڈاونڈ لوڈ کئے جاتے ہے۔ ساتھ ہی آپ نے اردو اسکولوں کے اساتذہ کے ٹیلنٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ اگر اساتذہ آپس میں باہمی تعاون سے اس کام کو انجام دیں تو ایک سال کے عرصے میں نصابی کتابوں کے سمعی و بصری وسائل سے مزین اسباق کی سی ڈی اردو زبان میں با آسانیتیار کی جاسکتی ہے۔
جناب کاظم ملک صاحب نے تمام اساتذہ سے رہنمائی ڈاٹ کام ویب ساٗت کی اہمیت بتائی طلبہ ارو اساتذہ کے لئے یہ ویب ساٗٹ کس طرح سے فائدہ مند ہوسکتی ہے اس پر اپنے خیلات کااظہار کیا۔ آپ نے اس ویب سائٹ پر رجسٹریشن کے لئے درخواست کی ۔ ریسرچ اسکالر جناب عارف عثمانی نے اس پورے ورکشاپ کی نظامت کی ۔ اس ورکشاپ کے اختتام سے قبل چند اساتذہ نے اپنے تاثرات پیش کئے۔ اس خصوصی ورکشاپ میں کل مہارشٹر کے مختلف مقامات شولاپور ،پونہ ، بھیونڈی، پوسد،نالاسوپارہ ،میراروڈ ،ویرار ،ممبئی سے کئی اساتذہ نے شرکت کی ۔جبکہ ایک معلم ریاستِ کرناٹک سے بالخصوص شرکت کی ۔ رسمِ شکریہ اوراساٹذہ کی اجتماعی دعا پر پروگرام ا کاختتام ہوا۔

No comments:

Related Posts with Thumbnails
لنترانی ڈاٹ کام اردو میں تعلیمی ،علمی و ادبی ، سماجی اور ثقافتی ویب سائٹ ہے ۔اس میں کسی بھی تنازعہ کی صورت میں قانونی چارہ جوئی پنویل میں ہوگی۔ای ۔میل کے ذریعے ملنے والی پوسٹ ( مواد /تخلیقات ) کے لۓ موڈریٹر یا ایڈیٹر کی کوئی ذمہ داری نہیں ہے ۔ اگر کسی بھی پوسٹ سے کسی کی دل آزاری ہو یا کوئی فحش بات ہوتو موڈریٹر یا ایڈیٹر کو فون سے یا میل کے ذریعے آگاہ کریں ۔24 گھنٹے کے اندر وہ پوسٹ ہٹادی جاۓ گی ۔فون نمبر 9222176287اور ای میل آئ ڈی ہے E-Mail - munawwar.sultana@gmail.com

  © आयुषवेद भड़ास by Lantrani.com 2009

Back to TOP