You can see Lantrani in best appearance in Chrome and Mozilla(not in internet explorer)

Tuesday, July 05, 2011

کلی کی آنکھ کھل جائے چمن بیدار ہوجائے





کلی کی آنکھ کھل جائے چمن بیدار ہوجائے


حریم قلب میں رقصاں جمال یار ہوجائے
اگر پیدا کمالِ حسرت دیدار ہوجائے


غم دوراں غم جاناں ہی سے آباد ہے دنیا
نہ ہو یہ سازوساماں زندگی دشوار ہوجائے


بہار نوکے جھرمٹ میں نسیم صبح آتی ہے
یہ کہہ دو سبزۂ پامال سے بیدار ہوجائے


ہمیں نے اپنے خوں سے گلستاں کو رنگ وبو بخشا
تعجب ہے ہمی سے باغباں بیزار ہوجائے


وطن کی آبرو جس نے بچائی نقدجاں دے کر
غضب کا سانحہ ہے وہ ذلیل وخوار ہوجائے


وہ مے اب تیرے میخانے میں کیا باقی نہیں ساقی
جسے پی لے کوئی میخوار تو ہشیار ہوجائے


بہار و سازِ نو پر چھیڑ دو ایسا کوئی نغمہ
کلی کی آنکھ کھل جائے چمن بیدار ہوجائے


کہاں سے لالہ وسرووسمن پر آئے رعنائی
بہاروں میں گلستاں جب خزاں آثا ر ہوجائے


اڑالی ہے ہماری نیند جس جانِ محبت نے
اسے بھی یا الٰہی عشق کا آزار ہوجائے


کرے گی اس کا استقبال منزل دوقدم بڑھ کر
کوئی گھر سے نکلنے کو اگر تیار ہوجائے


خدا پر ناخدا کا ہو بھروسہ پھر تو کیا کہنا
وفور موج وطوفاں سے سفینہ پارہوجائے


پہنچا تابہ منزل کارواں کا غیرممکن ہے
اگر خود راہزن ہی قافلہ سالا ر ہوجائے


خلوص و صدق ہو عزم و یقیں ہو سوز کامل ہو
عجب کیا ہے وہ انساں قوم کا سردار ہوجائے


زمانہ بھول جائے قیس اور فرہاد کے قصے
مرا جوش جنوں انجم اگر بیدار ہوجائے


از : ڈاکٹر حامد الانصاری انجم


پیش کش: سلمان فیصل



No comments:

Related Posts with Thumbnails
لنترانی ڈاٹ کام اردو میں تعلیمی ،علمی و ادبی ، سماجی اور ثقافتی ویب سائٹ ہے ۔اس میں کسی بھی تنازعہ کی صورت میں قانونی چارہ جوئی پنویل میں ہوگی۔ای ۔میل کے ذریعے ملنے والی پوسٹ ( مواد /تخلیقات ) کے لۓ موڈریٹر یا ایڈیٹر کی کوئی ذمہ داری نہیں ہے ۔ اگر کسی بھی پوسٹ سے کسی کی دل آزاری ہو یا کوئی فحش بات ہوتو موڈریٹر یا ایڈیٹر کو فون سے یا میل کے ذریعے آگاہ کریں ۔24 گھنٹے کے اندر وہ پوسٹ ہٹادی جاۓ گی ۔فون نمبر 9222176287اور ای میل آئ ڈی ہے E-Mail - munawwar.sultana@gmail.com

  © आयुषवेद भड़ास by Lantrani.com 2009

Back to TOP