You can see Lantrani in best appearance in Chrome and Mozilla(not in internet explorer)

Sunday, May 29, 2011

اُردو زباں



از: حامد الانصاری انجم، سنت کبیر نگر، یوپی، ہندوستان

مرزبوم اس کا ہے ملک ہندوستاں
عہدِ تخلیق ہے عہدِ شا ہِ جہاں
جانِ اہل زباں اسِ کا حسنِ بیاں
اس کی شیرینیت کا ہے سکّہ رواں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
دلکش و دل ربا اسِ کا ہر اک سخن
گوہر بے بہا ہے ادب اور فن
اس میں پوشیدہ ہے پیار کا بانکپن
بحر زخّار ہے اِس کا زورِ بیاں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
گلستاں گلستاں اس کی نیرنگیاں
کیف زا جانفزا اس کی رعنائیاں
راحتِ روح ہیں حسن سامانیاں
ہر طرف ہر جگہ ہے یہ جلوہ فشاں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
چاند تاروں کی اس میں لطافت بھی ہے
لالۂ و گل کی خوشبو ہے رنگت بھی ہے
حسن والوں کی اس میں نزاکت بھی ہے
ہرادا اس کی ہے گلفشاں گلفشاں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
نغمہ زیر و بم اس کی آواز ہے
سوزِ دل کا امیں اس کا ہر ساز ہے
حسن و عشق و محبت کا اک راز ہے
زندگی اس کی ہے داستاں داستاں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
معترف آج ہے اس کا ہندوستاں
گونج اٹھا اس کے نغموں سے سارا جہاں
اِس کی خوبی پہ شیدا ہیں اہل زباں
ساری دنیا میں ہے اس کا سکّہ رواں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
اِس میں وید اور قرآں کا پیغام ہے
حسن اخلاق و اخلاص کا جام ہے
یہ زباں کیا ہے قدرت کا انعام ہے
ساری دنیا میں ایسی زباں ہے کہاں ؟
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
اس میں آزاد و جوہر کی تقدیر ہے
اور سلیمان و سلماں کی تحریر ہے
امجدی طرز، مودودی تفسیر ہے
بوالوفا اور بخاری سے معجز بیاں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
اس میں اقبال کا حسن عنوان ہے
اس میں بابائے اردو کی بھی جان ہے
اِس کی شیرینی خود اِس کی پہچان ہے
اِس کا مشہور عالم ہے حسن بیاں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
اس میں آزاد و سیّد ہیں شبلی بھی ہیں
محسن الملک و اکبر ہیں حالی بھی ہیں
داغ و ناسخ امیراور جلالی بھی ہیں
اس میں غالب سا ہے شاعر نکتہ داں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
ذوق و سودا سے اس کے پر ستار ہیں
آتش و مصحفی سے فداکار ہیں
درد و انشا ظفر اور سرشار ہیں
میر و مومن سے ہیں اس میں جادو بیاں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
جوش و حسرت جگر اور اصغر بھی ہیں
شاد و فانی ، ریاض اور مضطر بھی ہیں
بزم میں اس کی ،مخمور و ساغر بھی ہیں
بیخود و سائل و نوح ہیں پاسباں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
اس میں احساں شفیق اور ماہر بھی ہیں
عندلیب و عدم اور ساحر بھی ہیں
ابر و انور ، حفیظ اور عامر بھی ہیں
صوفی سائب ظفر بھی ہیں رطب اللسان
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
شمس و محوی ، اثر، خوشتر نیک خو
جوش و محروم و مخدوم اور آرزو
شوق و ملاّ سراج اس کی ہیں آبرو
اور انیس و دبیر اس کے ہیں ترجماں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
اس پہ چکبست و محسن، شرر ہیں فدا
اس کے مداح سرشار محوی ہما
ہیں عزیز اور سیماب سے ناخدا
بدر و وحشت جلیل اس کے ہیں مدح خواں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
احسن و تاجور اور گرامی بھی ہیں
ہاں نظیر و جمیل اور نظامی بھی ہیں
اور شکیل و قتیل ایسے نامی بھی ہیں
ہے ہلالی سا شاعر یہاں نغمہ خواں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
اس میں نازش مجاز اور جذبی بھی ہیں
اس میں شعری شفا کیف و کیفی بھی ہیں
عرش و عرشی فضا فیض و فیضی بھی ہیں
ہیں حمید اور بہزاد سے نعت خواں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
شاد و شاداں ہری چند اختر بھی ہیں
کرشن موہن ہیں اور فکر و مضطر بھی ہیں
اور محمود و مفتوں ،منور بھی ہیں
راز اعجاز و آزاد ہیں رازداں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
ہیں سحر اور فراق اور گلزار بھی
ہیں سرور و رشید اور غفار بھی
ہیں رموزی سے کتنے پرستار بھی
اور نیاز ایسے کتنے ہیں روح رواں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں
اس میں سازِ نوا اس میں سوزِ سخن
اس کا ذکرحسیں، انجمن انجمن
کوبہ کو جابہ جا پھیلی اس کی کرن
جلوہ گر اس میں انجم کی تابانیاں
یہ ہے اردو زباں یہ ہے اردو زباں

پیش کش: سلمان فیصل، نئی دہلی

No comments:

Related Posts with Thumbnails
لنترانی ڈاٹ کام اردو میں تعلیمی ،علمی و ادبی ، سماجی اور ثقافتی ویب سائٹ ہے ۔اس میں کسی بھی تنازعہ کی صورت میں قانونی چارہ جوئی پنویل میں ہوگی۔ای ۔میل کے ذریعے ملنے والی پوسٹ ( مواد /تخلیقات ) کے لۓ موڈریٹر یا ایڈیٹر کی کوئی ذمہ داری نہیں ہے ۔ اگر کسی بھی پوسٹ سے کسی کی دل آزاری ہو یا کوئی فحش بات ہوتو موڈریٹر یا ایڈیٹر کو فون سے یا میل کے ذریعے آگاہ کریں ۔24 گھنٹے کے اندر وہ پوسٹ ہٹادی جاۓ گی ۔فون نمبر 9222176287اور ای میل آئ ڈی ہے E-Mail - munawwar.sultana@gmail.com

  © आयुषवेद भड़ास by Lantrani.com 2009

Back to TOP